لاہور: پنجاب اسمبلی کے سیاسی بحران میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اپوزیشن کے معطل 26 ارکان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کے درمیان نااہلی ریفرنس کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات میں اپوزیشن کی قیادت اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کی، جب کہ حکومتی نمائندگی پارلیمانی امور کے وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان، چیف وہپ رانا محمد ارشد اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں نااہلی ریفرنس، اسمبلی ضابطے، اور اپوزیشن کے تحفظات پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان کے مطابق، مذاکرات کا دوسرا دور اتوار کو ہوگا، جس میں دونوں فریقین مزید نکات پر پیش رفت کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا، "یہ ملاقات نہیں بلکہ اسپیکر کے سامنے ہماری سماعت تھی۔ ہم اپنا مؤقف آئینی دائرے میں رکھ رہے ہیں۔"
انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے عمران خان کے بیٹوں سے متعلق بیان کو "بے بنیاد اور حقائق کے منافی" قرار دیا۔
خیال رہے کہ ان معطل ارکان پر اسمبلی قواعد کی خلاف ورزی پر نااہلی ریفرنس زیر غور ہے، جس پر اپوزیشن نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اسپیکر اور اپوزیشن کے درمیان یہ مذاکرات اس بحران کو پرامن طور پر حل کرنے کی ایک کوشش سمجھے جا رہے ہیں۔