لاہور: مون سون کے موسم اور شدید بارشوں کے پیش نظر پنجاب بھر کی جیلوں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے حکم پر ڈی آئی جی انسپیکشن نے متعلقہ سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی جیلوں کا تفصیلی معائنہ کریں اور بارکوں کی چھتوں، دیواروں سمیت دیگر حصوں کی جانچ پڑتال کر کے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران جیل کے اندر اور باہر سے پانی کسی بھی صورت داخل نہ ہو۔ جہاں ضرورت ہو، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور متعلقہ محکموں سے مدد حاصل کی جائے۔ دیواروں اور چھتوں کی جہاں مرمت کی ضرورت ہو، فوری طور پر بانڈنگ ڈیپارٹمنٹ اور اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کروائی جائے۔
تمام چھتوں کی صفائی کروا کر بارش کے پانی کے جمع ہونے سے روکا جائے اور متاثرہ بارکوں سے قیدیوں کو فوری طور پر دوسری محفوظ جگہ منتقل کیا جائے۔ پانی ٹپکنے والی جگہوں پر پولی تھین شیٹ یا دیگر حفاظتی مواد لگا کر مرمت کی جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ جیل کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ، جیلوں میں نصب CCTV کیمرے، اسکیننگ مشینیں، کمپیوٹرز اور دیگر الیکٹرانک آلات کو بارش اور نمی سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب دیکھ بھال کی جائے۔
تمام حفاظتی اقدامات اور معائنہ کی تفصیلات کو "مون سون کے موسم میں حفاظتی تدابیر" کے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔