پی ڈی ایم اے پنجاب نے ساتویں مون سون اسپیل کے دوران شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

پی ڈی ایم اے پنجاب نے ساتویں مون سون اسپیل کے دوران شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 13 سے 15 اگست کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید مون سون بارشوں کے سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گجرانوالہ، لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں خاص طور پر شدید بارشوں کا امکان ہے۔

دریائے سندھ، چناب، ستلج، جہلم اور راوی کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے سیلاب اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس دوران الرٹ رہیں اور متعلقہ حکمت عملی بروقت اپنائیں۔

خاص طور پر لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی فلیش فلڈنگ کے امکانات نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔

پی ڈی ایم اے عوام سے درخواست کرتی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاط برتیں۔

ٹیگز: