لاہور :لاہور شہر میں روز بروز بڑھتی ہوئی ٹریفک، سموگ، اور حادثات کے پیش نظر چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے ایک اہم تجویز پیش کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لاہور میں داخل ہونے اور باہر جانے والی لاکھوں گاڑیوں کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی، ٹریفک جام اور حادثات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق "روزانہ تقریباً 8 سے 10 لاکھ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں لاہور میں داخل ہوتی ہیں، جبکہ 4 سے 5 لاکھ شہر سے باہر جاتی ہیں۔ اس آمد و رفت سے نہ صرف سڑکوں پر دباؤ بڑھتا ہے بلکہ سموگ اور ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
سی ٹی او نے تجویز دی ہے کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے قریبی شہروں کو دو مراحل میں لاہور کے ای بس سروس اور میٹرو ٹرین سسٹم سے منسلک کیا جائے:
پہلا مرحلہ: قریبی بڑے شہروں جیسے شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، گوجرانوالہ وغیرہ سے لاہور آنے والوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے تاکہ ذاتی گاڑیوں پر انحصار کم ہو۔
دوسرا مرحلہ: شہر کے داخلی راستوں پر پارک اینڈ رائیڈ سسٹم متعارف کروایا جائے، تاکہ شہری اپنی گاڑیاں وہیں پارک کر کے شہر کے اندر ای بس یا میٹرو کے ذریعے سفر کریں۔
