 
 لاہور:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ریجن میں خراب سنگل فیز میٹرز کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے باعث صارفین کو بلنگ میں شدید مسائل کا سامنا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ نے سنگل فیز سٹیٹک میٹرز کی جگہ جدید اے ایم آئی (AMI) میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میٹرز کی خریداری نجی کمپنیوں سے کی جائے گی، جس کے لیے متعلقہ حکام کو این او سی جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تاہم فیلڈ افسران ابھی تک این او سی جاری کرنے اور نئے میٹرز کی فراہمی کے عمل میں تذبذب کا شکار ہیں، جس سے منصوبے میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اے ایم آئی میٹرز کے استعمال سے بجلی چوری کی روک تھام اور ریڈنگ کی درستگی میں بہتری آئے گی، جس سے صارفین کو شفاف بلنگ ممکن ہو سکے گی۔