وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی 78ویں یومِ آزادی پر قوم کو پُرجوش مبارکباد

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی 78ویں یومِ آزادی پر قوم کو پُرجوش مبارکباد

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر قوم کو پُرجوش مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہماری شناخت، فخر اور وجود کی علامت ہے، اور آج کا دن صرف جشن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے وطن کو مزید مضبوط اور عظیم بنائیں گے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمدللہ! ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت دی۔ ہمیں آزادی، باوقار زندگی اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے اور شکر بھی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ایک روشن چراغ ہے جس کی روشنی پوری دنیا میں پھیل رہی ہے، اور یہ وطن ہماری آن، بان اور شان ہے۔ ہم آج جو آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، وہ لاکھوں شہداء کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا ہے جنہیں ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بطور قوم خود سے سوال کرنا چاہیے کہ وطن نے تو ہمیں آزادی، عزت اور شناخت دی، لیکن ہم نے اسے کیا دیا؟ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو آزادی کی تحریک اور وطن کے دفاع کی کہانیاں سنائیں تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پروان چڑھے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، اور ہم سب مل کر اسے عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔

ٹیگز: