لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور فوری اقدامات کی ہدایت دی گئی۔
نمائندہ لاہور رنگ کے مطابق اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلیٰ کو سبزیوں کی فراہمی اور قیمتوں کے حوالے سے سٹریٹجک پلان پیش کیا۔ مریم نواز نے ہر دکان پر نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا حکم دیا جبکہ ہر بازار کے داخلی راستے پر بھی ریٹ لسٹ لگانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے لیے حکومت کے تمام اقدامات عوامی سطح پر واضح نظر آنے چاہئیں۔ اس کے علاوہ، ایپ کے ذریعے سنٹرل ڈیش بورڈ پر سبزیوں کی فراہمی، اسٹاک، آمد و رفت، نرخ اور دیگر تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی۔
پرائس مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر پر گندم کی پسائی اور آٹے کی دستیابی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ سبزی منڈیوں میں ٹرکوں کی ٹریکنگ کے نظام کو بھی فعال کیا جائے گا۔ پنجاب بھر میں سبزیوں کے لیے یکساں طرز کی ریڑھیاں مہیا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ایک اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے 38 الیکٹرانک ٹول پلازوں پر موٹروے کی طرز پر ایپ ون سسٹم رائج کیا جائے گا۔ساتھ ہی، پانچ بڑی سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت پرائیویٹ ادارے ان سڑکوں کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ہوں گے۔
مریم نواز نے تمام نئی سڑکوں پر سولر اسٹریٹ لائٹس لگانے کا حکم بھی دیا۔ لاہور کے بیوٹی فکیشن پراجیکٹس کی بھی منظوری دی گئی ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے۔