لاہور:والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے تاریخی مقبرہ انارکلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جولائی 2024 میں شروع ہونے والے اس منصوبے پر 181 ملین روپے لاگت آئے گی، جبکہ تکمیل جون 2026 تک متوقع ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اب تک 70 فیصد بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ چونے کے پلستر، سٹکو ٹریسری، مقرنس کاری اور فرش سمیت کئی اہم حصے مکمل یا آخری مراحل میں ہیں۔ فریسکو پینٹنگ اگلے مرحلے میں کی جائے گی۔
ڈائریکٹر عظیم داد کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ لاہور کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور سیاحت کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ مکمل ہونے پر یہ مقام مقامی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک اہم مرکز بن جائے گا۔