اسلام آباد: محکمہ موسمیات اور محکمہ صحت نے ملک کے 10 بڑے شہروں میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلابی پانی کی موجودگی نے ڈینگی وائرس کے لیے سازگار ماحول پیدا کر دیا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حیدرآباد اور کوئٹہ شامل ہیں ان شہروں میں جہاں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 ستمبر سے ڈینگی کیسز میں تیزی آ سکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بلدیاتی اداروں کو فوری طور پر نکاسی آب، صفائی اور مچھر مار اسپرے کے اقدامات تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔