لاہور: پنجاب ٹریفک پولیس کی یونیفارم میں ممکنہ تبدیلی پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹریفک وارڈنز کی موجودہ وردی کو تبدیل کر کے خاکی رنگ کی نئی وردی متعارف کرانے کے لیے تین روزہ سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق، لاہور کے 35 سیکٹرز سمیت پنجاب بھر کے 12 ہزار سے زائد ٹریفک ملازمین بشمول ٹریفک اسسٹنٹس، انسپکٹرز اور اعلیٰ افسران سے اس تبدیلی کے حوالے سے رائے لی جائے گی۔
سروے میں ملازمین سے نئی وردی کے رنگ، کپڑے کے معیار اور آرام دہ ہونے کے حوالے سے رائے طلب کی جائے گی۔ ہر اہلکار سروے فارم کے ذریعے اپنی رائے تحریری طور پر جمع کرائے گا، جس کے بعد یہ رپورٹس ڈی آئی جی ٹریفک آفس کو بھجوائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق، سروے کی روشنی میں تیار کردہ حتمی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی تاکہ وردی کی تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو باقاعدہ ٹاسک دیا ہے، جس پر عملدرآمد جاری ہے۔