لاہور:پنجاب اسمبلی نے طلبہ کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ یہ قرارداد حکومتی رکن راحیلہ خادم حسین نے ایوان میں پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ان کی ذہنی و سماجی تربیت کی اولین ذمہ داری حکومت کی ہے۔ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے بچوں کے ذہن اور اخلاقی اقدار متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے تمام سکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی ضروری ہے تاکہ طلبہ تعلیم پر بہتر توجہ دے سکیں۔
اسی اجلاس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کی قرارداد بھی کثرت رائے سے منظور کی گئی، جو حکومتی رکن اسمبلی امجد علی جاوید نے پیش کی تھی۔ اس کالج کے قیام سے علاقے میں طبی تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی۔
یہ قراردادیں پنجاب حکومت کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کی جانب ایک مثبت قدم ہیں، جو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کریں گی۔