لاہور: رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران شہر کے مختلف تھانوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے 65 مقدمات درج کیے گئے، جب کہ زیر حراست ملزموں کے فرار ہونے کے 10 واقعات پر الگ مقدمات کا اندراج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مبینہ پولیس مقابلوں کے اعداد و شمار کے لحاظ سے صدر اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن 15، 15 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہے۔ کینٹ ڈویژن میں 13، جبکہ سٹی ڈویژن میں 10 مقدمات رپورٹ ہوئے۔ سول لائنز اور اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 6، 6 مبینہ پولیس مقابلے ریکارڈ کیے گئے۔
دوسری جانب زیر حراست ملزمان کی فراری کے واقعات میں اقبال ٹاؤن ڈویژن 4 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہا، جو پولیس کی حراستی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔
ان واقعات میں زیادہ تر کیسز میں پولیس کی پیشہ ورانہ غفلت، ناکافی حفاظتی انتظامات اور حکمت عملی کی کمی کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔