پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پر گورنر پنجاب متحرک، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کر لیا

پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پر گورنر پنجاب متحرک، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کر لیا

لاہور: پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2025 پر منظوری سے قبل گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو سوموار کے روز بریفنگ کے لیے طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ گورنر کو مجوزہ بل کے نکات، ترامیم اور اثرات پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ گورنر پنجاب بریفنگ کے بعد پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی سے بھی مشاورت کریں گے۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ترمیمی بل پر سنجیدہ تحفظات پہلے ہی گورنر کو تحریری اور زبانی طور پر پہنچائے جا چکے ہیں۔ پارٹی ذرائع کا مؤقف ہے کہ بعض ترامیم مقامی حکومتوں کے اختیارات کو محدود کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔

گورنر سردار سلیم حیدر نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قانون پر دستخط سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کی رائے سننا چاہتے ہیں تاکہ بل متنازع نہ بنے اور صوبے میں مقامی حکومتوں کا نظام مضبوط ہو۔

بل کی منظوری یا ترمیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔

ٹیگز: