ٹوکیو : ٹوکیو میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے خارجہ امور کے سینئر سٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-جاپان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران مایا جی ٹاکوما نے پنجاب میں جاری 120 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے لیے ہمیشہ ایک دوست ملک رہا ہے۔ انہوں نے مریم نواز کو جاپان کا سرکاری دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ قرار دیا اور بتایا کہ یہ گزشتہ تیس سالوں میں جاپان کا دورہ کرنے والی سب سے اعلیٰ سطح کی پاکستانی شخصیت ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وہ جاپان کے ترقیاتی ماڈل کو پنجاب میں نافذ کرنا چاہتی ہیں اور جاپان کی معاشی، تکنیکی اور سماجی ترقی کو ایک مثال قرار دیا۔ انہوں نے خاص طور پر جاپان کی زلزلے سے بچاؤ کی جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔
مایا جی ٹاکوما نے پاکستان میں حالیہ سیلاب، خصوصاً خیبرپختونخوا میں جانی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جاپان کے تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مریم نواز نے جاپان کی معاشرتی روایات اور اخلاقی اقدار کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے پاکستان اور جاپان کو مشکل وقت کے آزمودہ دوست بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی طرف سے پاکستان کو زلزلے کے دوران دی گئی مدد کبھی نہیں بھولی جائے گی۔
آخر میں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاپان کے سرمایہ کاروں کو اپنی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور مراعات کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر مایا جی ٹاکوما نے جاپان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔