لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب پولیس میں بھرتیوں سے متعلق بڑا فیصلہ، عمر میں رعایت کی درخواستیں مسترد

لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب پولیس میں بھرتیوں سے متعلق بڑا فیصلہ، عمر میں رعایت کی درخواستیں مسترد

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس میں سب انسپکٹرز کی براہِ راست بھرتیوں کے معاملے پر اہم فیصلہ سناتے ہوئے عمر میں رعایت دینے کی تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔

جسٹس راحیل کامران شیخ نے محمد ارشاد سمیت 80 سے زائد درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ بھرتی کے لیے مقررہ عمر کی حد میں کوئی نرمی نہیں برتی جا سکتی۔

عدالت کے مطابق عمر کی حد قانون کے مطابق طے کی گئی ہے اور بھرتی کے عمل میں اس سے انحراف ممکن نہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی آئینی یا قانونی خلاف ورزی نہیں ہوئی، لہٰذا رعایت کی درخواستیں قابلِ سماعت نہیں۔

پنجاب حکومت کی نمائندگی اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے کی، جنہوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بھرتی کا عمل قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف انداز میں کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے اس فیصلے کو "عدالتی نظیر" قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مستقبل میں ایسے تمام کیسز کے لیے یہ فیصلہ رہنمائی فراہم کرے گا۔

ٹیگز: