پنجاب کے خصوصی پولیس سٹیشنز میں سی سی ٹی وی کی تنصیب میں غفلت، سکیورٹی اور شفافیت پر سوالیہ نشان

پنجاب کے خصوصی پولیس سٹیشنز میں سی سی ٹی وی کی تنصیب میں غفلت، سکیورٹی اور شفافیت پر سوالیہ نشان

لاہور: پنجاب میں خصوصی اقدامات کے تحت قائم پولیس سٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔سینئر رپورٹر نمائندہ لاہور رنگ   کے مطابق  ایک سرکاری رپورٹ میں سکیورٹی اور نگرانی کے نظام میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کے مطابق پولیس اسٹیشنز کے کئی اہم حصے تاحال نگرانی کے موثر نظام سے محروم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بیشتر خصوصی پولیس سٹیشنز میں صرف 4 سے 5 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو صرف سٹیشن کے اگلے حصے اور لاک اپ تک محدود ہیں۔ تفتیشی کمرے، محرر روم، ریکارڈ روم، ویٹنگ ایریا اور اسٹور روم جیسے اہم مقامات مکمل طور پر نگرانی سے باہر ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ بیشتر پولیس سٹیشنز میں مانیٹرنگ ڈسپلے سسٹم موجود نہیں، جس کے باعث ایس ایچ او یا دیگر عملہ براہِ راست نگرانی نہیں کر سکتے۔ مزید برآں، نصب شدہ کیمروں کے لیے درکار 15 دن کی بیک اپ ریکارڈنگ کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے، جو پولیس کی تفتیش اور شواہد کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دی گئی ہے۔

رپورٹ کو محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کیا گیا تاہم متعدد یاد دہانیوں کے باوجود محکمہ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور نہ ہی ڈیپارٹمنٹل ایکشن کمیٹی (DAC) کی میٹنگ بلائی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال SIPs (Special Initiative Police Stations) گائیڈ لائنز کی واضح خلاف ورزی ہے، جن کے تحت پولیس اسٹیشن کے ہر حصے میں مکمل نگرانی کا نظام لازمی قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں تاکہ سی سی ٹی وی کی تنصیب اور نگرانی کے نظام میں موجود تمام خامیاں دور کی جا سکیں۔ مؤثر نگرانی نہ صرف پولیس اسٹیشنز کی سیکیورٹی کو بہتر بنائے گی بلکہ عوام اور پولیس عملے کے تحفظ اور شفافیت کو بھی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ٹیگز: