کاروبار 10 گنا بڑھائیں تاکہ ٹیکس نیٹ وسیع ہو، ایس ایم تنویر کی تجویز

کاروبار 10 گنا بڑھائیں تاکہ ٹیکس نیٹ وسیع ہو، ایس ایم تنویر کی تجویز

اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی بہتری اور ٹیکس نظام کو مضبوط بنانے کیلئے ضروری ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کو 10 گنا تک بڑھایا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بجلی مہنگی ہے تو صنعتکار اور تاجر سولر سسٹمز لگاکر لاگت میں کمی لاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر عزت مل رہی ہے اور ہمیں اس وقت ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ جب کاروبار بڑھے گا تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کو زیادہ ٹیکس ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور وہ صرف معاشی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صحت اور تعلیم پر 3.2 ٹریلین روپے خرچ ہو رہے ہیں لیکن اصل تبدیلی اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے سے ہی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ہمارے پاس تیل، معدنیات اور دیگر ذخائر ہیں، پھر بھی ہم قرضوں پر انحصار کرتے ہیں۔ ’’غلطی کہیں نہ کہیں ہم سے ہوئی ہے، جسے درست کرنا ہوگا۔

ایس ایم تنویر نے تجویز دی کہ ملک کو انتظامی بنیادوں پر چھوٹے صوبوں میں تقسیم کیا جائے۔ ان کے مطابق اگر 33 ڈویژن موجود ہیں تو 33 صوبے کیوں نہیں بن سکتے؟ بھارت نے وقت کے ساتھ صوبے بڑھائے، پاکستان کو بھی ایسا کرنا چاہیے۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک سسٹم میں اصلاحات نہیں آئیں گی، ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے پاک فوج کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دشمن کو بھرپور جواب دے رہی ہے، اب عوام اور تاجر برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ٹیگز: