لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے جرمن ادارے "ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر" کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں بچوں کے کینسر کے علاج و معالجے میں تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اس امر پر اصولی اتفاق کیا کہ بچوں کے جان لیوا مرض کینسر سے نمٹنے کے لیے جدید طبی سہولیات، تربیت یافتہ عملہ اور تکنیکی معاونت نہایت ضروری ہے، جس میں جرمن ادارے حکومت پنجاب کے ساتھ شراکت داری کریں گے۔
جرمن وفد کے سربراہ ڈاکٹر سٹیفن مائیکل نے کینسر کے مریض بچوں کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بچوں کی زندگیوں کو بچانا اور ان کے لیے معیاری علاج کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی شمولیت سے پنجاب میں صحت کا نظام مزید مستحکم ہوگا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔