صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت پنجاب ای پی آئی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس، خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کا جائزہ

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت پنجاب ای پی آئی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس، خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کا جائزہ

لاہور: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی صدارت میں پنجاب ای پی آئی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم 17 سے 29 نومبر 2025 کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو تمام ہیلتھ پروگرامز کے لیے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپس قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی حالیہ ویکسینیشن مہم میں تکنیکی مدد اور عوامی آگہی کے لیے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ابتدائی مشکلات کے باوجود تقریبا نوے فیصد کوریج حاصل کرنا ایک قابل تحسین کارنامہ ہے۔ انہوں نے عوامی آگہی، صحت عامہ، صفائی اور ماں کے دودھ کی اہمیت کو ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بچوں کے علاج اور بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات نہ صرف بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کر رہا ہے بلکہ عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی معاونت بھی لائق تحسین ہے۔

خسرہ اور روبیلا متعددی امراض ہیں جو بے احتیاطی اور پیچیدگی کی صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس لیے بچوں کو نو ماہ اور پندرہ ماہ کی عمر میں ویکسین کی خوراکیں دی جانا ضروری ہے۔

خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم کے دوران دس منتخب اضلاع میں پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں مراکز صحت، سکولز، مدارس اور منتخب شدہ علاقوں میں ویکسینیشن کا انتظام کریں گی۔ والدین بھی اپنے بچوں کو قریبی مراکز صحت پر ویکسین لگوا سکتے ہیں جہاں تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔

ٹیگز: