پی آئی اے کی پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ، اربوں روپے کا نقصان

پی آئی اے کی پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ، اربوں روپے کا نقصان

لاہور:قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں رواں سال کے دوران خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ 9 ماہ میں 90 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، جن کے باعث ایئرلائن کو اربوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور ایئرپورٹ اس حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 16 واقعات پیش آئے۔ یہ تعداد دیگر ایئرپورٹس کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، جس نے لاہور ایئرپورٹ کو اس فہرست میں سرفہرست کر دیا ہے۔

پرندوں سے ٹکراؤ کے ان واقعات کی وجہ سے نہ صرف جہازوں کو نقصان پہنچا بلکہ متعدد پروازوں میں تاخیر اور تکنیکی مسائل بھی سامنے آئے، جس کا براہِ راست اثر ایئرلائن کی ساکھ اور سروس پر پڑا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایئرپورٹس کے اطراف میں صفائی کے ناقص انتظامات، کچرے کے ڈھیر، اور غیر قانونی جانوروں کی منڈیاں پرندوں کی آمد کا سبب بنتی ہیں، جو ہوابازی کی سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور متعلقہ ادارے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے خصوصی اقدامات اور حکمت عملی مرتب کرنے پر غور کر رہے ہیں، تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: