صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں "ہیپی سینٹر" کا افتتاح، ذہنی صحت ہفتہ منانے کی اہمیت پر زور

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں

لاہور:  صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں ہفتہ ذہنی صحت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر یونیورسٹی میں "ہیپی سینٹر" کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر زیب النساء اور دیگر فیکلٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت کا ہفتہ شعور، تعاون اور ہمدردی کے فروغ کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچ بدلیں، زندگی بدلے گی۔ ذہنی سکون سب کا حق ہے اور ناامیدی اور مایوسی گناہ ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اکثر ذہنی صحت کو نظر انداز کیا جاتا ہے، حالانکہ یہ جسمانی صحت جتنا ہی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات کرنا، سننا اور مدد لینا ذہنی سکون کے لیے پہلا قدم ہے، اور مدد لینا کمزوری نہیں بلکہ حوصلے کی علامت ہے۔

انہوں نے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مثبت سوچ اپنانے، منفی رویوں کو ترک کرنے، باقاعدہ ورزش اور نیند پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ساتھ ہی کہا کہ ہمیں اپنی اور دوسروں کی کیفیت کا احترام کرنا چاہیے اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ایک مسکراہٹ، ایک بات یا ایک احساس کافی ہوتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ذہنی دباؤ، تناؤ یا افسردگی میں مدد لینے میں ہچکچاہٹ نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ خاندان، دوست اور ساتھی سب کا کردار ذہنی صحت میں بہت اہم ہے۔

یہ تقریب ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی بڑھانے اور طلبہ و اساتذہ میں ذہنی سکون کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

ٹیگز: