لاہور: لاہور بورڈ کے انٹرمیڈیٹ سال 2024 کے 15 بہترین پوزیشن ہولڈرز کو وفاقی حکومت کی جانب سے ان کی محنت اور کامیابی کو سراہتے ہوئے الیکٹرک بائیکس تحفے میں دی گئیں۔ اس موقع پر کمشنر لاہور مریم خان نے پوزیشن ہولڈرز میں بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں، جس سے طلبا و طالبات کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
تقریب میں سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے بھی شرکت کی اور نوجوانوں کو مزید محنت اور لگن سے آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ طلبا و طالبات نے حکومت کے اس اقدام کو ان کی تعلیم اور سفر کے مسائل میں سہولت فراہم کرنے والا قرار دیا اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر نے کہا کہ ای بائیکس کی فراہمی سے طلبا و طالبات کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی، جس سے ان کے والدین کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اس سماجی اقدام کی بھرپور تعریف کی۔
ای بائیکس حاصل کرنے والے طلبا میں لاہور بورڈ سے عوزیرم احمد، ملک طحی خضر، ماہم مایا، محمد معیز، احمد مرسالیں، جنید حکیم علی شامل ہیں جبکہ دیگر بورڈز سے فاطمہ منیر، عبدالرحمان، احمد ریحان، ارحم مراد، پلواشاء رحمان، طوبہ سحر، مدثر حمید اور ہمہ مقصود کو بھی یہ بائیکس فراہم کی گئیں۔