لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما حماد اظہر نے این اے 129 سے ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر دیا۔
جاری کردہ بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ والد کی خالی ہونے والی نشست پر اب ان کے بھانجے ارسلان ظہیر کو میدان میں اتارا جائے گا، بشرطیکہ پارٹی بائیکاٹ نہ کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ والدہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے، کیونکہ وہ نہیں چاہتیں کہ خاندان مزید سیاسی دباؤ کا شکار ہو۔ حماد اظہر نے کہا، "میں اپنے والد کا اکلوتا بیٹا اور خاندان کا واحد کفیل ہوں، والدہ کو ایک اور صدمے سے دوچار نہیں کرنا چاہتا۔"
پی ٹی آئی رہنما نے سابقہ صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا گیا، انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کے گھر پر بار بار چھاپے مارے گئے۔
حماد اظہر کے اس فیصلے کو ذاتی اور خاندانی مجبوریوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جب کہ پارٹی کی جانب سے ارسلان ظہیر کو ٹکٹ دینے پر غور جاری ہے۔