لاہور : پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کو پینل آف چیئرپرسن کی جانب سے بات کرنے کی اجازت نہ دیے جانے پر ایک بار پھر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ جن ارکان اسمبلی کو دس دس سال کی سزائیں سنائی گئی ہیں، ان مقدمات پر ایوان میں بات کرنے دی جائے۔ اپوزیشن نے ایوان میں شدید نعرے بازی کی اور اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا۔
اپوزیشن رکن امتیاز شیخ نے بارہا بات کرنے کی کوشش کی، مگر بات نہ سنے جانے پر کورم کی نشاندہی کر دی۔ پینل آف چیئرپرسن غلام رضا نے کورم کی تصدیق کے لیے پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کا اعلان کیا، تاہم کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
پینل آف چیئرپرسن غلام رضا نے اعلان کیا کہ پنجاب اسمبلی کا آئندہ اجلاس اب 28 جولائی بروز پیر، دوپہر 2 بجے دوبارہ منعقد ہوگا۔