لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان کا جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس پہلا ایئر کوالٹی فورکاسٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ جدید نظام پنجاب بھر میں موسمی حالات اور فضائی آلودگی کی پیش گوئی کرے گا، جس سے لاہور، فیصل آباد اور دیگر بڑے شہروں میں آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
سینئیر صوبائی وزیر ماحولیات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ یہ ایئر فورکاسٹنگ سسٹم ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور جدید سائنسی ماڈلز کے امتزاج پر مبنی ہے۔ یہ نظام عالمی معیار کے "ونڈی" اور "یورو" جیسے انٹرنیشنل ماڈلز کے ساتھ ساتھ عالمی فضائی انڈیکس اور مقامی ضروریات کے مطابق کام کرتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے سیکریٹری ماحولیات سلوت سعید، ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ اور ماحولیاتی ادارے (EPA) کی ٹیم کو اس اہم ماڈل کی تیاری پر سراہا اور کہا کہ اس سے فضائی آلودگی کی بہتر مانیٹرنگ اور قابو پانے میں مدد ملے گی۔
مزید برآں، اس نظام کے تحت فضائی آلودگی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ بھی جاری کی جائے گی، جس سے عوام کو اپنی صحت کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا سکے گی۔