لاہور: پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ’چیف منسٹرز ایڈوانس ٹیکنالوجی پروگرام‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر 5 ارب 24 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔
پروگرام کے تحت پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ بورڈ کی زیر نگرانی 25 ہزار نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، گیم ڈویلپمنٹ، بلاک چین، ایپ اور ویب ڈویلپمنٹ جیسے جدید شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔
حکومت نے اس منصوبے میں کم از کم 40 فیصد خواتین کی شمولیت کو لازمی قرار دیا ہے۔ تربیت ہائبرڈ ماڈل (آن لائن و فزیکل) کے تحت دی جائے گی۔
متعلقہ حکام کے مطابق، تربیت حاصل کرنے والے کم از کم 90 فیصد نوجوان فوری طور پر خود کفالت کی جانب بڑھ سکیں گے۔