لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاک بزنس ایکسپریس کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں عروج پر، وزیر اعظم شہباز شریف کل افتتاح کریں گے

لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاک بزنس ایکسپریس کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں عروج پر، وزیر اعظم شہباز شریف کل افتتاح کریں گے

لاہور: لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاک بزنس ایکسپریس کی افتتاحی تقریبات جاری ہیں اور کل وزیر اعظم شہباز شریف اس نئی ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ یہ دن پاکستان ریلوے کی ترقی میں ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہوگا۔

دوسری جانب، پاکستان ریلوے کی آمدنی میں بھی تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 78 سال کی طویل تاریخ میں پہلی بار ریلوے کی آمدنی اتنی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مالی سال 2024-25 کے اختتام پر پاکستان ریلوے نے 93 ارب روپے سے زائد کی آمدنی حاصل کی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے مطابق، مسافر ٹرینوں سے تقریباً 47.5 ارب روپے، مال گاڑیوں سے 31.5 ارب روپے، ملٹری ٹریفک سے ڈیڑھ ارب، کوچنگ ذرائع سے 3 ارب اور دیگر متفرق ذرائع سے تقریباً 9.5 ارب روپے آمدنی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ مالی سال ریلوے کی آمدنی 88 ارب روپے تھی، جس کے مقابلے میں اس سال نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کراچی ڈویژن مسافر آمدنی میں سب سے آگے ہے جہاں پونے 15 ارب روپے کا ریکارڈ قائم ہوا، جبکہ لاہور نے 11.25 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کی اور دوسرے نمبر پر رہا۔

ریلوے کے ترجمان کے مطابق، ہیڈکوارٹرز ڈویژن نے 5.25 ارب، ملتان ڈویژن نے 5 ارب، سکھر نے 4.8 ارب اور راولپنڈی نے 4.7 ارب روپے آمدنی کی۔ پشاور اور کوئٹہ نے بھی بالترتیب 1.25 ارب اور 52 کروڑ روپے کمائے۔

فریٹ سیکٹر میں کراچی نے 28 ارب، ملتان نے 1 ارب، لاہور نے 83 کروڑ، پشاور نے 77 کروڑ، راولپنڈی نے 31 کروڑ، سکھر نے 28 کروڑ اور کوئٹہ نے 10 کروڑ روپے کی آمدنی ریکارڈ کی۔

وزیر ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مالی سال مال گاڑیوں سے آمدنی میں 70 فیصد تک اضافہ ممکن بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جس سے پاکستان ریلوے کی مالی حالت مزید مضبوط ہوگی۔

 
 

ٹیگز: