لاہور :چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ یوتھ پروگرام کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے مخصوص نہیں بلکہ میرٹ کی بنیاد پر ہر نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین سالوں میں 20 لاکھ سے زائد سکلڈ نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت کے لیے بھیجا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو سب پر فوقیت اس لیے حاصل ہے کہ وہ نوجوانوں کے مسائل کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ ایوان اقبال میں نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ پالیسی 2029 تک نوجوانوں کو تعلیمی اور غیر تعلیمی شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔
چیئرمین نے بتایا کہ اس پالیسی میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے اور تکنیکی تعلیم، آئی ٹی، زراعت، ٹورازم اور ہاسپلیٹی کے شعبوں میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دیے جائیں گے۔ ہر ضلع میں ایمپلائز چینجز بنائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو آن لائن سہولیات کے علاوہ گھروں تک بھی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے تین سالوں میں جاپان، جنوبی کوریا، سعودی عرب اور قطر سمیت دیگر ممالک میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اب تک آٹھ لاکھ نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جا چکا ہے اور دسمبر تک دس لاکھ نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے کا ہدف ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے انسانی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو نوکری ملنے پر بلا سود قرضے بھی دیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یوتھ پروگرام میں میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے گی اور کسی بھی سیاسی جماعت کی بنیاد پر سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی۔