راشد منہاس(نشانِ حیدر) کا 54ویں یوم شہادت، مسلح افواج کا خراجِ عقیدت

راشد منہاس(نشانِ حیدر) کا 54ویں یوم شہادت، مسلح افواج کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد: پاکستان کے عظیم سپوت اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے واحد پائلٹ آفیسر، راشد منہاس شہید کی 54ویں برسی کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس شہید کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ راشد منہاس نے 20 اگست 1971 کو مادرِ وطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی۔ ان کا جذبہ، وفاداری اور بے مثال حب الوطنی نہ صرف پاکستان ایئر فورس بلکہ پوری قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ راشد منہاس کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ آزادی کتنی قیمتی ہے اور اس کے تحفظ کے لیے کتنے بلند حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کی جرات نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور انہیں تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش مقام عطا کیا۔

مسلح افواج نے اس موقع پر یہ عزم دہرایا کہ وطن کے ان سپوتوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

ٹیگز: