صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی آمد، کانووکیشن میں نمایاں طلبہ میں میڈلز تقسیم

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی آمد، کانووکیشن میں نمایاں طلبہ میں میڈلز تقسیم

لاہور :صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز (AHS)، ڈینٹل ٹیکنالوجی پروگرام (DTP) اور کالج آف الائیڈ ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (COVAS) کے دوسرے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ "چند افراد کو چھوڑ کر ہمارے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے گریجویٹس پوری دیانتداری اور محنت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ آج کا دن آپ کی شبانہ روز محنت کا ثمر ہے۔"

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی کاوشوں سے ہمارے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کو برطانیہ، آئرلینڈ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں تسلیم کیا جا چکا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے صحت کے شعبے میں حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، ٹرانسپلانٹ پروگرام، ڈائیلسز پروگرام، کلینک آن ویلز اور فیلڈ اسپتال جیسے منصوبے قابل فخر ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ نئے اسپتالوں میں میڈیکل افسران، ویمن میڈیکل افسران، فیلوز، کنسلٹنٹس، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہزاروں اسامیوں پر جلد بھرتیاں کی جائیں گی۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پاکستان کی بقا کے لیے مشکل فیصلے کرنا پڑے، مگر ہم نے ثابت قدمی کے ساتھ ان کا سامنا کیا اور آج دنیا میں پاکستان کو جو عزت مل رہی ہے، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

ٹیگز: