لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے سکیورٹی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان ریلویز کی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خصوصاً بلوچستان میں ریلوے لائنز اور ٹرینوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے خصوصی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ریلویز کی اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس میں وزارت داخلہ اور ریلوے حکام کی مربوط کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید تفصیلات کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریلوے انفرااسٹرکچر کی سکیورٹی کو ہر ممکن حد تک مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔