لاہور :نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 50 ویں واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ مقابلے 30 ستمبر سے 5 اکتوبر تک لاہور کے واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئے، جن میں سات واپڈا یونٹس کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
این جی سی نے مجموعی طور پر 170 پوائنٹس حاصل کیے اور ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ گیپکو ٹیم 104 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ فیسکو نے 58 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ٹورنامنٹ میں این جی سی کے محمد علی لاروش نے مردوں کے سنگلز اور مردوں کے ڈبلز (اويس زاہد کے ساتھ) مقابلے جیتے۔ خواتین سنگلز اور ڈبلز میں ماحور شہزاد نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ عثمان طالب نے آفیسرز کیٹیگری میں سنگلز میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور آفیسرز ڈبلز میں منیب الدین کے ساتھ جیت کا اعزاز حاصل کیا۔
اختتامی تقریب میں نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے کھلاڑیوں کو انعامات دیے اور ٹیموں کی محنت کو سراہا۔ تقریب میں دیگر اعلیٰ حکام اور واپڈا کے افسران بھی موجود تھے۔